کھیل

لوگ پاک بھارت میچ کو جنگ سمجھ لیتے ہیں: وہاب ریاض


لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا ہے لوگ پاک بھارت میچ کو جنگ سمجھ لیتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے اور کھیل کو کھیل کی حد تک ہی رکھنا چاہیے۔

لارڈز میں قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے دوران میڈیا سے گفتگو میں وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اتنا اچھا نہیں کھیلی جتنا اچھا وہ کھیل سکتی تھی، نیٹس پر ہونے والی تیاریوں کو میچ میں اپلائی نہیں کر پائے جس کی وجہ سے ناکامی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ کافی جذباتی ہیں اور ایسا سمجھتے ہیں کہ بھارت کے خلاف میچ نہیں جنگ ہو رہی ہے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے، میچ ہارنے پر جتنا دکھ پلیئرز کو ہوتا ہے اتنا شاید ہی کسی اور کو نہیں ہوتا ہو تاہم اب بھی پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوا، ٹیم باقی چار میچز جیت کر سیمی فائنل تک جگہ بنانے کی پوری کوشش کرے گی۔

انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اب بھی ورلڈ کپ ختم نہیں ہوا اور پاکستان آخری چار میچز جیت کر بہتر نوٹ پر ورلڈ کپ کا اختتام کرے گا۔

بائیں ہاتھ کے بولر نے کہا کہ ٹیم پر ہر جانب سے تنقید ہو رہی ہے اور ہر کوئی کہہ رہا کہ آپ نے یہ کر دیا، آپ نے وہ کر دیا، ایسے میں کھلاڑیوں کو فیملی ممبران سے زیادہ ٹیم ممبران سپورٹ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹیم کے تمام 15 ممبران ایک دوسرے کا مورال بلند کر رہے ہیں اور ایک دوسرے سے دوستانہ ماحول میں اب تک کی غلطیوں کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وہاب ریاض کا مزید کہنا تھا کہ کارکردگی پر تنقید کرنا سب کا حق ہے اور اس پر کسی کو اعتراض بھی نہیں لیکن جب ذاتی حملے ہوں گے اور فیملی کو نشانہ بنایا جائے گا تو پھر یہ کسی کو پسند نہیں آئے گا۔

نئے گیند سے اوور کرانے سے متعلق سوال پر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ وہ نئے گیند سے بولنگ کرانے کو تیار ہیں اور اس حوالے سے کوچ مکی آرتھر ان سے بات بھی کر چکے ہیں۔

مزید خبریں :