ٹورنامنٹ میں آگے جانا ہے تو فیلڈنگ میں محنت کرنا ہوگی: مکی آرتھر


لارڈز: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا سے جیت کے بعد ہم ورلڈ کپ کی دوڑ میں شامل ہیں لیکن ٹورنامنٹ میں آگے جانا ہے تو فیلڈنگ میں محنت کرنا ہوگی۔

جنوبی افریقا سے جیت کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ جیت کے بعد ہم ورلڈ کپ کی دوڑ میں شامل ہیں لیکن ہمیں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں محنت کرکے ٹورنامنٹ میں اچھی پوزیشن پر فنش کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ہمارا کمبی نیشن بہترین تھا اور دو تبدیلیوں سے ٹیم کو فائدہ ہوا، محمد عامر ٹورنامنٹ میں متاتر کن بولنگ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن ہمیں ٹورنامنٹ میں آگے جانا ہے تو فیلڈنگ میں محنت کرنا ہوگی۔

شعیب ملک سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ شعیب اچھی محنت کررہا تھا لیکن قسمت نے اس کا ساتھ نہیں دیا۔

خراب فیلڈنگ کے مزید متحمل نہیں ہوسکتے: سرفراز احمد

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ جیت کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتاہے، حارث کی بیٹنگ اور آخری 15 اوورز میں ہم نے جس طرح بیٹنگ کی وہ اس میچ کا ٹرننگ پوائنٹ تھا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے اوپنر اچھا کھیلے پھر بابر اعظم نے اچھی بیٹنگ کی، اس کے بعد حارث سہیل نے بھی زبردست اننگز کھیلی، ہم نے جو کمبی نیشن تبدیل کیا اس کے اثرات بھی اچھے آئے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج بھی ہم نے کئی کیچ ڈراپ کیے، تمام میچوں میں فیلڈنگ خراب رہی ہے لیکن خراب فیلڈنگ کے مزید متحمل نہیں ہوسکتے۔

کپتان نے کہا کہ بولنگ میں عامر نے ابتدائی وکٹ دلوائی اور پھر شاداب خان اور وہاب ریاض نے ہمیں بولنگ میں مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا۔

 پلان کے مطابق بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ کی اور رنز بنائے، حارث سہیل
حارث میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے — فوٹو: پی سی بی 

حارث سہیل کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں باہر بیٹھنا تکلیف دہ تھا لیکن مجھے علم تھا کہ مجھے موقع ملا تو میں کارکردگی دکھاؤں گا، بیٹنگ آسان نہیں تھی لیکن میں نے پلان کے مطابق بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ کی اور رنز بنائے۔

پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، پروٹیز کپتان

ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والے جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، اس میچ کے ابتداء میں پاکستانی اوپنرز اچھا کھیلے، درمیانی اوورز میں ہم نے اچھی بولنگ کی لیکن 300 رنز بننے کا مطلب ہے ہم نے 20 رنز زیادہ دیے۔

مزید خبریں :