25 جون ، 2019
برمنگھم: نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر مچل سینٹنر کا کہنا ہے کہ پاکستان جیسی ٹیم کبھی بھی کچھ بھی کرسکتی ہے، اس کے خلاف میچ کی تیاری کرنا نہایت ہی مشکل ہوتا ہے۔
ایجبیسٹن میں پری میچ پریس کانفرنس میں کیوی آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کسی بھی صورت آسان حریف نہیں لیا جاسکتا، ہمیں اندازہ ہے کہ پاکستان ایک خطرناک حریف ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں پاکستان کا ریکارڈ کافی اچھا ہے، دو سال قبل پاکستان کرکٹ ٹیم نے برطانیہ میں چیمپئنز ٹرافی ٹائٹل جیتا تھا، اس ورلڈ کپ میں بھی اس نے انگلینڈ اور جنوبی افریقا کو شکست دی۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کسی بھی ٹیم کو کسی بھی دن پچھاڑ سکتی ہے، اس لیے نیوزی لینڈ کو یہ سوچ کر میدان میں اترنا ہوگا کہ میچ میں پاکستان سب سے مشکل ٹیم ہے۔
سینٹنر نے پاکستان ٹیم کے بولنگ اٹیک کی بھی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کے پاس سیم اور اسپن کے اچھے بولرز ہیں، اس لیے نیوزی لینڈ کو پاکستان کی بولنگ کے خلاف محتاط رہنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان حالیہ دنوں میں کافی مقابلے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو پاکستان ٹیم کی خوبیوں اور خامیوں کا اندازہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عامر ان دنوں بہترین فارم میں ہیں، وہاب بھی اچھی بولنگ کررہے ہیں تو پاکستان کا بولنگ اٹیک کافی اچھا ہے، ایسے میں نیوزی لینڈ کو بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ بدھ کو برمنگھم کے ایجبیسٹن گراؤنڈ میں مدمقابل ہوں گے۔