بلاول کا ایک بار پھر علی وزیر اور محسن داوڑ کے پروڈکشن آرڈر کا مطالبہ


اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر رکن قومی اسمبلی علی وزیر اور محسن داوڑ کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ علی وزیر اور محسن داوڑ کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں تاکہ ایوان مکمل ہو، حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں، ہم سب ایوان کے ارکان ہیں، اسپیکر اور پی ٹی آئی ارکان سے اپیل کرتا ہوں، دونوں ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا بہت ضروری ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطالبے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ قانونی نکات دیکھ رہے ہیں جیسے ہی فیصلہ ہوگا بتائیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دونوں ارکان ایوان میں نہ ہوئے تو پیغام جائے گا ایوان آزاد نہیں، نہیں چاہتے تاریخ میں لکھا جائے کہ پروڈکشن آرڈر نہیں نکلے، پروڈکشن آرڈر کے لیے چیئرمین انسانی حقوق کمیٹی کو درخواست دی، حکومت معلوم نہیں پروڈکشن آرڈر کے لیےکس سے مشاورت کررہی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اب تک کچھ ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوئے، بجٹ سیشن میں حصہ لینا ہر ایم این اے کا حق ہوتا ہے، پیپلز پارٹی احتجاجاً بجٹ سیشن میں حصہ لے رہی ہے، حکومت فاٹا کے عوام کو کیا پیغام دے رہی ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فاٹا کا بچہ بچہ کھڑا ہوا، لوگوں کے کاروبار تباہ ہوئے اور قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، آج وہی لوگ بجٹ میں حصہ نہیں لے سکتے۔

ان کا کہناتھا کہ جو بھی چور دروازوں سے آتے ہیں وہ ہر وقت پریشان ہوتے ہیں، اختر مینگل کےسنجیدہ ایشوز ہیں وہ حل نہ ہوئے تو وہ بجٹ پر ووٹ نہیں دیں گے۔

چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے اعلان کیا تھا بجٹ کی مخالفت کریں گے، بجٹ عوام دشمن ہے، اس کی ہر شق پر اعتراض آیا ہے، حکومتی نمائندوں کی طرف سے بھی بجٹ پر اعتراضات آئے ہیں، یہ بجٹ دھاندلی کے ذریعے پاس کیا جارہا ہے، نہ ضیاالحق اور نہ پرویز مشرف نے ایسا کیا۔

یاد رہے کہ وزیرستان سے منتخب رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں پشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنان نے خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں پانچ جوان زخمی ہوئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے تین افراد مارے گئے تھے۔

مزید خبریں :