06 فروری ، 2012
پشاور … عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا ہے کہ ہزارہ کو الگ صوبہ بنانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، اگر صوبے بننے لگ گئے تو پاکستان میں درجنوں صوبے بن جائیں گے۔ پشاور میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں افراسیاب خٹک کا کہنا تھا کہ حکومت ہزارہ کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ کو صوبہ بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اے این پی کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ صوبے کا نام خیبر پختونخوا رکھنے سے ہزارہ پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں اسمبلیوں میں پارٹی پوزیشن کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کو سیٹیں ملنی چاہئیں جس سے جمہوریت مزید مضبوط ہوگی۔ افغانستان کے حوالے سے افراسیاب خٹک کا کہنا تھا کہ افغانستان میں حکومت عوام کی مرضی کی ہونی چاہئے۔