Time 02 جولائی ، 2019
کھیل

بنگلا دیش کے خلاف میچ اور اس میں کامیابی پر فوکس ہے: سرفراز

فائل فوٹو: سرفراز احمد

لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ان کا فوکس صرف بنگلہ دیش کے خلاف میچ اور اس میں کامیابی پر ہے۔

 کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم صرف 5جولائی کو بنگلا دیش کے خلاف میچ کا سوچ رہے ہیں، اس میچ میں کامیابی پر فوکس ہے ،اس میں ہم نے اچھا کھیلنا ہے اور کامیابی حاصل کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے میچز میں کیا ہو رہا ہے اس بارے میں صرف یہ کہوں گا جو ٹیم اچھا پرفارم کرے وہ جیتے اور جو بہترین ٹیم ہے اسے کامیابی ملے۔

سرفرازاحمد نے تسلیم بھی کیا کہ افغانستان کے خلاف میرے رن آؤٹ پر تنقید درست تھی، مجھے دوسرا رن نہیں لینا چاہیے تھا کیونکہ دوسرا رن نہیں بنتا تھا لہٰذا یہ میری غلطی تھی۔

قومی کپتان کا مزید کہنا تھا میری کوشش ہے کہ میں بیٹنگ اور کیپرنگ میں اچھا کروں، بیٹنگ میں رنز بناؤں اور کیپرنگ میں اچھے کیچز پکڑوں جس سے ٹیم کو فائدہ ہو ۔

اس کے علاوہ سرفراز احمد نے وہاب ریاض کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہاب ٹوٹی انگلی کے ساتھ کھیلا، میں نے وہاب ریاض سے بات کی تھی کہ کیا میچ کھیل سکو گے کیونکہ مجھے علم تھا کہ اگر وہاب کھیلے گا تو وہ 100 فیصد دے گا اور ایسا ہی ہوا وہاب کھیلا اور اچھا کھیلا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بھارت کے خلاف میچ کے بعد بہت اچھا رسپانس دیا، میں نے کھلاڑیوں سے بات کی اور انہیں کہا ہم کہیں نہ کہیں غلطیاں کررہے ہیں، ہم اس سے اچھا کر سکتے ہیں،کھلاڑیوں نے بات سنی اور وہ متحرک ہوئے اور پھر تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی، سینئر کھلاڑیوں نے بھی ٹیم کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :