24 جولائی ، 2019
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں نجی بینک سے 6 مسلح ملزمان 34 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ناظم آباد نمبر 3 میں واقع نجی بینک میں واردات سہ پہر 3 بجے ہوئی جس کی تفتیش کے بعد لوٹی گئی صحیح رقم اور حالات و واقعات کا اب پتا چلا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ناظم آباد نمبر 3 میں واقع نجی بینک میں تین مسلح ملزمان داخل ہوئے جنہوں نے 3 میں سے ایک سیکیورٹی گارڈ کو اسلحے کے زور پر رسیوں سے باندھ دیا جبکہ دیگر 2 سیکیورٹی گارڈز نے مزاحمت نہیں کی۔
ملزمان بینک کے کیش کاؤنٹر سے نقد رقم جو کہ 34 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے لوٹ کر فرار ہوئے۔
بینک کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا ہے کہ 3 ملزمان کے مزید 3 ساتھی بینک کے باہر پہرہ دیتے رہے۔
کراچی میں کافی عرصے بعد بینک میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق رواں سال میں یہ پہلی کامیاب بینک ڈکیتی ہے جس کے بعد تینوں سیکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا شبہ ہے کہ تینوں سیکورٹی گارڈز لوٹ مارکرنے والے ملزمان سے مبینہ طور پر ملے ہوئے تھے تاہم اس بارے میں تفتیش کی جارہی ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ ہے جس میں ملزمان کے چہرے نظر آرہے ہیں۔