Time 31 جولائی ، 2019
کھیل

پی سی بی کا فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ 'قائداعظم ٹرافی' دو حصوں میں کرانے پر غور

چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے درمیان وقفہ دے کر ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کرایا جائے گا، ذرائع— فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رواں سال ڈومیسٹک سیزن میں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کو دو حصوں میں کرانے پر غور کررہا ہے، چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے درمیان وقفہ دے کر ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کرایا جائے گا۔

باخبر ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی اس سال قائد اعظم ٹرافی کو دو حصوں میں کرائے گا جس کا مقصد سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل پلیئرز کو جانچنا اور پھر ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل ڈرافٹ میں جگہ بنانے کا موقع دینا ہے۔

ذرائع کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کا آغاز ستمبر کے دوسرے ہفتے سے ہوگا، ابتدائی چار راؤنڈز کے بعد وقفہ دیا جائے گا جس کے بعد نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کرایا جائے گا۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے بعد ایک بار پھر قائد اعظم ٹرافی کے میچز بحال ہوجائیں گے۔ ون ڈے ٹورنامنٹ فرسٹ کلاس سیزن کے بعد کھیلا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد اعظم ٹرافی کے چار راؤنڈز پہلے کرانے کا مقصد قومی سلیکٹرز کو طویل فارمیٹ کے کھلاڑیوں کو سری لنکا سے دو ٹیسٹ کی سیریز سے قبل جانچنے کا موقع دینا ہے اور پھر وقفے میں ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہوگا تاکہ پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کو قومی ٹورنامنٹ میں نمایاں پرفارمنس دینے والے پلیئرز کو بروقت اپنے اسکواڈ میں شامل کرنے کا موقع مل سکے۔

مزید خبریں :