Time 01 اگست ، 2019
کھیل

پاکستان کی ابھرتی بیڈمنٹن پلیئر ماحور اولمپکس میں شرکت کیلئے حکومتی معاونت کی منتظر

ماحور شہزاد دنیا کی 150 بہترین بیٹ منٹن پلئیرز میں آنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں۔ فوٹو: جیو نیوز

قومی ‏انٹرنیشنل بیڈ منٹن پلیئر ماحور شہزاد کی کامیابیوں کا سفر جاری ہے اور انہوں نے بیڈمنٹن کرئیر میں ایک اور اعزاز حاصل کیا ہے۔

ماحور شہزاد دنیا کی 150 بہترین بیٹ منٹن پلئیرز رینکنگ میں آنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں اور تازہ ترین عالمی رینکنگ میں 149ویں نمبر پر آگئی ہیں۔

‏ماحور شہزاد نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں گھانا اور نائیجیریا میں ہونے و الے بیڈ منٹن ٹورنامنٹس میں اپنی مدد آپ کے تحت شرکت کی اور ان ایونٹس کے بعد رینکنگ میں بہتری آئی ہے جو کہ میں سمجھتی ہوں کہ میرے لیے بہت بڑا عزاز ہے۔

قومی بیڈ منٹن پلیئر کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر رینکنگ بہتر ہونے سے میرا حوصلہ بڑھا ہے اور رینکنگ مزید بہتر کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کروں گی۔

ماحور شہزاد نے بتایا کہ اب میرا ہدف ٹاپ 70 میں آنا ہے تاکہ میں اولمپکس کی دوڑ میں شامل ہو سکوں لیکن میرا خواب اسی صورت ممکن ہو سکتا ہے جب میں زیادہ سے زیادہ ایونٹس میں حصہ لوں اور اپنی رینکنگ کو بہتر کر سکوں۔

ان کا کہنا ہے میں اکیلے کچھ نہیں کر سکتی، مجھے حکومتی سرپرستی کی ضرورت ہے، مالی معاونت کے بغیر زیادہ ٹورنامنٹس میں شرکت کرنا ممکن نہیں ہے۔

‏ ماحور شہزاد نے کہا کہ فیڈریشن کے پاس خود فنڈز نہیں ہیں، فیڈریشن حکام میرے لیے جتنا کر سکتے ہیں کر رہے ہیں کہ انٹرنیشنل پروگرامز میں بھجوانے کے لیے میرا نام تجویز کیا جاتا ہے لیکن مالی معاونت کرنا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔

‏مستقبل کے حوالے سے ماحور شہزاد نے بتایا کہ گھانا اور نائیجیریا سے واپسی پر ایک بار پھر ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے، اب اگلے ماہ مالدیپ جانا ہے جہاں بیک ٹو بیک دو ٹورنامنٹس ہو رہے ہیں، مجھے امید ہے ان ٹورنامنٹس سے میری رینکنگ مزید بہتر ہو گی۔

مزید خبریں :