17 اگست ، 2019
کراچی کے علاقے بہادرآباد میں کم عمر مبینہ ڈکیت علاقہ مکینوں کے تشدد سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق بہادرآباد کے کوکن گراؤنڈ کے قریب دو نوجوان ڈکیتوں نے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر گلی میں موجود گارڈ نے ایک ڈاکو کو پکڑلیا اور دوسرا موقع سے فرار ہوگیا۔
ہتھے لگنے والے 17 سالہ مبینہ ڈاکو ریحان پر بنگلے کے مالک اور علاقہ مکینوں نے تشدد کیا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔
مرنے سے قبل علاقہ مکینوں کی جانب سے ریکارڈ کئے گئے بیان میں مبینہ ڈکیت نے اپنے ساتھیوں کے نام بھی بتائے۔
دوسری جانب متوفی ریحان کے والد نے بتایا کہ وہ قصائی کا کام کرتا تھا، گزشتہ روز اپنے کزن کے پاس پیسے لینے گیا اور واپس نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ فون پر تھانے آنے کا کہا گیا لیکن میڈیا کے ذریعے بیٹے کی ہلاکت کا علم ہوا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ قانون و انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف پولیس فوری کارروائی کرے، کسی کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔
پولیس نے مبینہ کم عمر ڈکیٹ پر تشدد میں ملوث دو افراد دانیال اور زبیر کو گرفتار کرلیا ہے۔
واقعے کا مقدمہ بہادر آباد تھانے میں ہلاک مبینہ ڈاکو ریحان کے والد کی مدعیت میں قتل بالسبب کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ مقدمے میں محمد دانیال اور زبیر کو نامزد کیاگیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ ہلاک نوجوان کے ساتھی اور تشدد میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے کارروائی کی جارہی ہے۔