29 اگست ، 2019
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کا پری سیزن کیمپ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری ہے جہاں دو اہم کھلاڑی مختلف وجوہات کی بناء پر اسپتال پہنچ گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور اوپنر بیٹسمین فخر زمان فی الحال کیمپ میں شرکت نہیں کررہے ہیں۔
کرکٹر شاہین شاہ آفریدی پری سیزن کیمپ سے باہر ہوگئے ہیں کیوں کہ انہیں ڈینگی بخار ہوگیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کا مقامی اسپتال میں علاج جاری ہے اور وہ مکمل صحتیابی کے بعد ہی دوبارہ کیمپ جوائن کرسکیں گے۔
اس کے علاوہ اوپنر بیٹسمین فخر زمان کیمپ میں پریکٹس کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا اور ایم آر آئی کرایا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو فخر زمان کی اسکین رپورٹ کا انتظار ہے جس کے بعد ان کی کیمپ میں شرکت کا فیصلہ ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا پری سیزن کیمپ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے جس کی نگرانی سابق کپتان مصباح الحق کررہے ہیں۔