دبئی: پاکستانی خاتون فٹبالر نے پاوور لفٹنگ میں گولڈ میڈل جیت لیا

— ذوالفیا نذیر

پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی پلیئر ذوالفیا نذیر پاور لفٹر بن گئیں اور دوبئی میں ہونےوالی پاوور لفٹنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل بھی جیت لیا۔

انڈر ففٹی ٹو ویٹ کیٹیگری میں ذوالفیا نذیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکویٹس اور ڈیڈ لفٹ میں 110کلوگرام جب کہ چیسٹ پریس میں 57 عشاریہ 5 کلوگرام وزن اٹھاکر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

— ذوالفیا نذیر

پانچ سال قبل پاکستان کی جانب سے ساف ویمن فٹبال چیمپئن شپ کھیلنے والی مڈ فیلڈر ذوالفیا نذیر اب ایک اور کھیل میں اپنا نام بنانا چاہتی ہیں۔

ذوالفیا نے دبئی میں ہونیوالی ڈیزرٹ بیربال پاور میٹ میں گولڈ میڈل اپنے نام کرکے طاقت کے اس کھیل میں اپنی مہارت ثابت کردی۔

جیو نیوز سے گفت گو میں ذوالفیا نے بتایا کہ وہ فٹبال کی طرح پاور لفٹنگ میں بھی پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتی ہیں، ان کی خواہش ہے کہ وہ ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔

ذوالفیا نے کہا کہ انہوں نے فٹنس ٹریننگ کیلئے پاور لفٹنگ کا کھیل اپنایا ، ساتھ ساتھ فٹبال بھی جاری ہے اور وہ دبئی میں کلب فٹبال بھی کھیل رہی ہیں۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان فٹبال کے معاملات بھی جلد بہتر ہوں گے تاکہ انہیں ایک بار پھر ملک کیلئے بھی فٹبال کھیلنے کا موقع مل سکے۔

مزید خبریں :