پاکستان
Time 02 اکتوبر ، 2019

ایک قوم بننے کیلئے ملک میں ایک نصاب ضروری ہے: وزیراعظم عمران خان

غلبہ اسلام کے بعد 30 سال میں مسلمان وسط ایشیا تک پہنچ گئے، ہمیں پڑھانا چاہیے کہ مسلمان پوری دنیا پر کیسے چھاگئے: عمران خان کا تقریب سے خطاب— فوٹو: فائل 

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ایک نصاب ضروری ہے تاکہ ہم ایک قوم بن سکیں۔

اسلام آباد میں وزرات تعلیم کی جانب سے مدارس کے طلبہ کو انعامات دینے کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان مہمان خصوصی تھے۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ راہ حق کے بارے میں صرف تعلیم بتاتی ہے، پاکستان واحد ملک تھا جو اسلام کیلئے بنا تھا، ناانصافی ہے کہ ملک میں 3 نظام تعلیم چل رہے ہیں جن میں انگریزی، اردو میڈیم اور تیسری طرف مدارس ہیں۔

وزیراعظم نے مدارس کے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے— فوٹو: پی آئی ڈی 

انہوں نے کہا کہ نظام تعلیم ختم ہوا تو مسلمان نیچے گئے، اسلام اور تعلیم ساتھ ہوتے تو قوم کو انسانیت کی طرف لے جاتے، غلبہ اسلام کے بعد 30 سال میں مسلمان وسط ایشیا تک پہنچ گئے، ہمیں بچوں کو پڑھانا چاہیے کہ مسلمان پوری دنیا پر کیسے چھاگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک نصاب ضروری ہے تاکہ ہم ایک قوم بن سکیں۔

’مسلمانوں کے ساتھ ایسے سلوک کا سبب یہ ہے کہ ہم تعلیم میں پیچھے رہ گئے ہیں‘

وزیراعظم کا مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کہنا تھا کہ کشمیریوں کے ساتھ جو ہورہا ہے، کسی اور قوم کے ساتھ ایسے رویے کا سوچا بھی نہیں جاسکتا، 2 ماہ سے 80 لاکھ کشمیریوں کو بھارت نے جیل میں بند کیا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی، یہودی یا کسی یورپین کے ساتھ ایسا برتاؤ کرنے کا سوچا بھی نہیں جاسکتا، مسلمانوں کے ساتھ ایسے سلوک کا سبب یہ ہے کہ ہم تعلیم میں پیچھے رہ گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، ترکی اور ملائشیا کے ساتھ مل کر ٹی وی اور فلموں کے ذریعے مسلمانوں کا مؤقف دنیا کے سامنے لائے گا۔

بعد ازاں وزیراعظم نے مدارس کے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

مزید خبریں :