دنیا
Time 04 اکتوبر ، 2019

عراق میں حکومت کیخلاف مظاہرے جاری، ہلاکتیں 46 ہوگئیں

عراقی دارلحکومت بغداد میں نماز جمعہ کے بعد ہونے والے مظاہرے پر سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک و زخمی ہوئے — فوٹو: فائل 

عراق میں معاشی بدحالی، بے ضابطگیوں اور ناقص سہولیات کے خلاف یکم اکتوبر سے جاری مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 46 ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعہ کے روز بھی عراق کے مختلف شہروں میں بدعنوانی، بے روزگاری اور پانی و بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

عراقی دارلحکومت بغداد میں نماز جمعہ کے بعد ہونے والے مظاہرے پر سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق منگل سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی فائرنگ و تشدد سے ہلاکتوں کی تعداد 46 ہوگئی ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ناصریہ شہر میں ہوئیں جہاں 18 افراد حکومتی حامیوں اور سیکیورٹی فورسز کا نشانہ بنے جبکہ دارالحکومت بغداد میں 16، عمارہ اور بعقوبہ میں 4، 4 اور  کچھ ہلاکتیں حلہ اور نجف میں ہوئیں۔

رپورٹس کے مطابق 4 روز سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں سیکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

عراق میں مظاہروں کے بعد مختلف شہروں میں فوج بھی تعینات ہے جبکہ ناصریہ شہر کو فوج کے حوالے کیا گیا ہے۔

مسائل حل کرنے کیلئے کوئی ’جادو‘ نہیں ہے: عراقی وزیراعظم 

عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے گزشتہ سال ہی اقتدار سنبھالا ہے — فوٹو: فائل 

دوسری جانب عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی کا ٹی وی پر خطاب میں کہنا تھا کہ وہ عوام کی مایوسی کو سمجھتے ہیں لیکن ان کے پاس ان مسائل کے حل کیلئے کوئی ’جادو‘ نہیں ہے، اصلاحات کے ذریعے عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ 

یاد رہے کہ عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے گزشتہ سال ہی اقتدار سنبھالا ہے، اس سے قبل وہ نائب صدر، وزیرتیل اور وزیرخزانہ رہے ہیں۔

حکومت مظاہرو ں پر توجہ دے، اس سے قبل کہ دیر ہوجائے: آیت اللہ سیستانی

— فوٹو: فائل 

عراق کے مذہبی رہنما آیت اللہ سیستانی نے سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین پر پُرتشدد کارروائیوں سے دور رہنے پر زور دیاہے۔

عراق میں حکومت مخالف مظاہروں پر  آیت اللہ سیستانی کا کہنا ہے کہ حکومت مظاہروں پر توجہ دے، اس سےقبل کہ دیرہوجائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی خدمات میں بہتری لائے، روزگار کے مواقع پیدا کرے،کرپشن سے نمٹے اور مجرموں کو سزادے۔

مزید خبریں :