04 اکتوبر ، 2019
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سری لنکا کو آسان حریف نہیں سمجھ رہے، سیریز میں ٹاس کا کردار اہم ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز آسان نہیں ہوگی، عمر اکمل اور احمد شہزاد کی واپسی ہوئی ہے دونوں کو پورا موقع دیں گے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ خواہش ہے عمر اکمل اور احمد شہزاد اچھا پرفارم کریں، فاسٹ بولر محمد حسنین کو بھی اس سیریز میں کھلائیں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں وہ پاکستان خوشی سے آئے ہیں امید ہے کہ وہ خوشگوار یادوں کے ساتھ واپس جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی سخت ضرور ہے لیکن یہ سب کی حفاظت کیلئے ہے اس کا مستقبل میں فائدہ ہوگا۔
پاکستان ایک مشکل ٹیم ضرور ہے لیکن ہمارے کھلاڑی پُرعزم ہیں، سری لنکن کپتان
سری لنکن کپتان داسن شانکا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی اچھا مقابلہ کریں گے، پاکستان ایک مشکل ٹیم ضرور ہے لیکن ہمارے کھلاڑی پُرعزم ہیں۔
مہمان ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ اُنہیں اُمید ہے کہ سینئر کھلاڑی ٹیسٹ کھیلنے کیلئے پاکستان آئیں گے، آنے سے قبل اُنہوں نے سینئر کھلاڑیوں کو آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سیکیورٹی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمیں یہاں بہت اچھی سیکیورٹی ملی ہے۔
اس دوران ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی ایک بار پھر رونمائی کی گئی جس میں کپتانوں کا عزم بتارہا تھا کہ وہ اُسے اپنے نام کرنے کے خواہش مند ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ ہفتہ 5 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔