05 اکتوبر ، 2019
میرپورخاص میں 2 سر والا بچہ مناسب علاج نہ ملنے کے باعث انتقال کرگیا۔
دو ہفتے قبل میر پور خاص کے نواحی علاقے ڈگری کے نجی اسپتال میں دوسر کے حامل بچے کی پیدائش ہوئی تھی تاہم اسپتال میں ضروری سہولیات میسر نہ ہونے کے باعث بچے کو کراچی لے جانے کو کہا گیا۔
غریب والدین اپنے بچے کی جان تو بچانا چاہتے تھے تاہم غربت کے باعث اس قابل بھی نہ تھے کے ایمبولینس کا انتظام کرسکیں جس پر نجی اسپتال کے ڈاکٹروں نے ایمبولینس منگوائی البتہ غربت کے مارے والدین اسے کراچی لے جانے کے بجائے وہیں سے اپنے آبائی علاقے بدین لے گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز یہ بچہ انتقال کر گیا جس کے بعد اس کے تدفین مقامی قبرستان میں کردی گئی۔
بچے کی پیدائش کے موقع پر ہی ڈاکٹروں نے نومولود کے زندہ رہنے کے حوالے سے انتہائی کم امکان کے خدشات کا اظہار کردیا تھا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق بچے کی پیدائش آپریشن سے ہوئی تھی، نومولود بچے کے دو سر تھے تاہم اس کا باقی جسم اور اعضاء نارمل تھے۔