Time 23 اکتوبر ، 2019
پاکستان

کراچی میں ڈینگی کے باعث مزید ایک شہری دم توڑ گیا

انسداد ڈینگی سیل سندھ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں ڈینگی کے 226 نئے مریض سامنے آئے ہیں ،فوٹو:فائل

کراچی میں ڈینگی کا جن بے قابو ہوتا جارہا ہے اور 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک  شہری جان کی بازی ہار گیا۔

ذرائع محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی کے َنجی اسپتال میں 71 سالہ شخص ڈینگی کے باعث جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد رواں سال سندھ بھر میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی۔

انسداد ڈینگی سیل کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں ڈینگی کے 226 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

رواں ماہ سندھ میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 941 ہوگئی ہے جن میں سے 3 ہزار 678 افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق ِامسال اب تک 7 ہزار سے زائد افراد ڈینگی سے متاثر ہوچکے ہیں۔

دیگر صوبوں کی صورتحال

پنجاب میں بھی ڈینگی مچھر کے وار جاری ہیں ، محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ڈینگی کے 137 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

صوبے کے مختلف اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی سے متاثرہ 320 مریض زیرعلاج ہیں جب کہ رواں سال ڈینگی کےباعث 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب صوبہ پنجاب میں ڈینگی لاروا تلف کرنے اور افزائش روکنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 100 مقدمات درج کرکے 6 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جب کہ ایک ہزار سے زائد افراد کو وارننگ جاری کرنے کے ساتھ ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 18 مقامات کو سیل کیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں ڈینگی سےمتاثرہ 4 افراد فاطمہ جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ 

اسپتال انتظامیہ کےمطابق رواں ماہ اب تک ڈینگی سے متاثرہ 17 افراد کو اسپتال لایا جاچکا ہے ۔

خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے اب تک 5 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :