Time 24 اکتوبر ، 2019
دنیا

پاکستانی نژاد اقرا خالد مسلسل دوسری بار کینیڈا کی رکن پارلیمنٹ منتخب

 کینیڈا کے حالیہ انتخابات میں جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی کے ٹکٹ پر مسی سوگا شہر سے کامیاب ہوئی ہیں—فوٹو:فائل

پاکستانی نژاد اقرا خالد مسلسل دوسری بار کینیڈا کی رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئیں۔

پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے نواحی علاقے رکن پور سے تعلق رکھنے والی اقرا خالد کینیڈا کے حالیہ انتخابات میں جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی کے ٹکٹ پر مسی سوگا شہر سے کامیاب ہوئی ہیں۔

کینیڈا کے گذشتہ انتخابات 2015 میں بھی وہ اس حلقے سے بھاری ووٹوں سے جیتنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

34 سالہ اقرا کی کامیابی پر ان کے آبائی علاقے کے لوگوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے، رحیم یار خان میں مقیم ان کے دادا فقیر محمد کا کہنا ہے کہ ’اللہ کا شکر ہے کہ وہ دوبارہ کامیاب ہوئی ہے، اقرا کا فون آیا تھا وہ حلف لے کر جلد پاکستان آئے گی‘۔

 رکن پور میں اقرا کی مادرِ علمی گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری اسکول کی ہیڈ مسٹریس کا کہنا ہے کہ اقرا ایک لائق طالب علم تھی اور اس نے بہت جدو جہد کی ہے،باقی طالبات بھی اسی طرح جدوجہد کرکے اعلیٰ مقام حاصل کر سکتی ہیں۔

اقرا کی کامیابی پر ان کے آبائی علاقے کے لوگوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے ،فوٹو:فائل

اقرا خالد 20 نومبر 1985 کو رحیم یارخان کے نواحی علاقہ رکن پور میں پیدا ہوئیں ،اقرا خالد 2 بہنوں اور 2 بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔

انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری اسکول رکن پور سے حاصل کی بعد ازاں اپنے والد حافظ محمد خالد جو کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور لائبریری کے چئیرمین تھے کے ساتھ لندن اور پھر بعد ازاں کینیڈا چلی گئیں اور اعلیٰ تعلیم وہیں حاصل کی۔

 بطور کینیڈین رکن پارلیمنٹ انہوں نے اسلاموفوبیا کے خلاف اور روہنگیا میں مسلمانوں کی نسل کشی سمیت انسانی حقوق پر ہمیشہ اپنی آواز بلند کی جب کہ کینیڈا میں پاکستانی طلبہ کی تعلیم کے حصول کیلئے بھی انہوں نے اہم خدمات انجام دی ہیں۔

مزید خبریں :