17 اگست ، 2012
گوجرانوالہ…گوجرانوالہ میں مبینہ طور پر بجلی چوری کی شکایت کرنے پر بااثر افراد کے تشدد سے گیپکو کے لائن مین کی ہلاکت پر ورثا اور گیپکو ملازمین نے جی ٹی روڈ پراحتجاج کیا۔جی ٹی روڈ پر احتجاج کرنے والے گیپکو ملازمین اور ہلاک ہونے والے لائن مین کے ورثا کا کہنا تھا کہ پولیس نے مقدمہ تو درج کرلیا ہے تاہم اب تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیاگیا ہے۔مظاہرین نے ایک گھنٹے تک روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا بعدازاں پولیس نے مظاہرین کو چوبیس گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس پر احتجاج ختم کردیا گیا۔گزشتہ روز گیپکو کے لائن مین سعید اختر کو نامعلوم افراد شدید زخمی حالت میں راہوالی گراوٴنڈ میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔مرنے سے قبل لائن مین نے جیونیوز کو بتاتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ بجلی چوری کی نشاندہی پر اسے با اثر افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا۔