پاکستان
17 اگست ، 2012

کامرہ میں مارے گئے 4 دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی، رحمان ملک

کامرہ میں مارے گئے 4 دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی، رحمان ملک

اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کامرہ واقعے میں مارے گئے 4 دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی ہے، چاروں دہشت گرد پاکستانی تھے، پاکستان اور امریکا شمالی وزیرستان میں کوئی مشترکہ آپریشن نہیں کر رہے۔ اسلام آباد میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں رحمان ملک نے بتایا کہ کامرہ واقعے میں مارے گئے دہشت گردوں نے وزیرستان میں تربیت حاصل کی تھی۔ رحمان ملک نے کہا کہ عید الفطر پر بھی ملک میں دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے، حکومت دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی۔ انہوں نے وزیر ستان میں امریکا کے ساتھ کسی مشترکہ آپریشن کی بھی تردید کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ وہ مانسہرہ بس فائرنگ واقعہ میں ملوث کچھ افراد تک پہنچ چکے ہیں، یہ فرقہ واریت نہیں بلکہ دہشت گردی تھی۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے مغربی میڈیا کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سفارتکار بغیر اجازت اپنے سفارتی علاقے سے باہر سفر نہ کریں۔

مزید خبریں :