07 فروری ، 2012
فیصل آباد… محکمہ سوئی گیس نے فیصل آباد کی صنعتوں کے لئے گیس بحالی کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔صنعتوں کو 12 فروری سے 15فروری تک گیس فراہم کی جائے گی۔ محکمہ سوئی نادرن گیس کے شیڈول کے مطابق فیصل آباد کی چار فروری سے بند صنعتوں کو 8روزہ گیس بندش کے بعد 12فروری صبح چھ بجے سے 15 فروری صبح چھ بجے تک گیس فراہم کی جائے گی۔ محکمہ سوئی نادرن گیس کی جانب سے تین روزہ گیس فراہمی کے شیڈول پر اپنے ردعمل میں صنعتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کی ٹیکسٹایل صنعت کا طویل عرصے کے لیے گیس بندش سے ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے جو کہ ابھی تک جاری ہے اس لئے حکومت کا چاہئے اب جلداز جلد ٹیکسٹایل صنعت کے لیے ہفتے میں چار روزہ گیس کے شیڈول کو بحال کر دیا جائے تاکہ پیدواری نقصان کوکم سے کم کیا جا سکے۔