Time 11 نومبر ، 2019
پاکستان

اسلام آباد ائیرپورٹ پر احتجاج کرنے والی امریکی خاتون بالآخر ڈی پورٹ

خاتون کو امریکی سفارت خانے کے حکام ، ایف آئی اے اور پی آئی آئے کے عملے نے بمشکل ڈی پورٹ ہونے پر راضی کیا— فوٹو: سوشل میڈیا

اسلام آباد ایئرپورٹ سے بلیک لسٹ امریکی خاتون کو بالآخر ڈی پورٹ کردیا گیا، پی کے 701 امریکی خاتون کو لے کرمانچسٹر روانہ ہوگئی۔

گزشتہ 4 روز سے پاکستان آئی بلیک لسٹ معمر امریکی خاتون کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے مانچسٹر ڈی پورٹ کردیا گیا۔ خاتون کو امریکی سفارت خانے کے حکام ، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے عملے نے بمشکل ڈی پورٹ ہونے پر راضی کیا۔

اموڈ مرے نامی امریکی خاتون 7 نومبر کو مانچسٹر سے اسلام آباد پہنچی تھیں، نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باجود امیگریشن اہلکاروں کی مبینہ غفلت کے سبب انہیں پاکستان میں انٹری دے دی گئی۔ 6 ماہ قبل بھی زائد مدت قیام کے باعث انہیں ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔

امیگریشن اہلکاروں کو غفلت کا احساس ہوا تو ہوٹل میں رہائش پذیر خاتون کو ائیرپورٹ بلوایا اور واپس جانے کا کہا لیکن امریکی شہری نے واپس جانے سے انکار کرتے ہوئے ائیرپورٹ پر ہی احتجاج شروع کردیا۔

ایک موقع پر خاتون نے ائیرپورٹ کے فرش پرلیٹ کرچیخنا شروع کردیا تھا۔ موڈ مرے کا کہنا تھا کہ اس کے والد ٹیکسلا کے قبرستان میں دفن ہیں اور وہ پاکستان میں ہی جینا اور مرنا چاہتی ہے۔

امیگریشن حکام نے امریکی سفارت خانے کے عملے کی مدد سے 80 سالہ معمر خاتون کو قومی ائیرلائن کی پرواز PK 701 کے ذریعے مانچسٹر ڈی پورٹ کردیا ہے۔

مزید خبریں :