23 نومبر ، 2019
کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ مزید 2 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد رواں سال سندھ بھر میں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 38 ہوگئی ہے۔
کراچی میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مزید 2 افراد نجی اسپتال میں انتقال کرگئے ، 40 سالہ شہزاد کورنگی اور 60 سالہ عبدالرافع شاہ فیصل کالونی کا رہائشی تھا۔
رواں سال ڈینگی سےکراچی سمیت صوبے بھر جاں بحق افرادکی تعداد38 تک جا پہنچی ہے۔
2019ء میں سندھ میں اب تک ڈینگی سے متاثرہ 14ہزار 317 افراد سامنے آچکے ہیں جن میں سے 13 ہزار 330 مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے۔
خیبرپختونخوا(کے پی) میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ڈینگی کے کیسز میں بھی کمی آنے لگی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں صرف 2ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق کے پی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 7ہزار53 ہوچکی ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 مریض سامنے آئے ہیں جن کا تعلق پشاور سے ہے۔
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں گزشتہ 2 روز کے دوران ڈینگی وائرس کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور صوبے بھر میں رواں سیزن کےدوران ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 ہزار 174 ہوگئی ہے ۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق لسبیلہ میں ڈینگی وائرس کے کیسز کی تعداد 408 ہوگئی ہے، بلوچستان میں ڈینگی کے سب سے زیادہ مریض ضلع کیچ میں رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد 1766 ہے جب کہ گوادر میں ڈینگی وائرس کے942 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں بھی ڈینگی وائرس کے 59 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں لیکن اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال لائے گئے تمام مریض کراچی یا دیگر علاقوں سے سفر کرکے کوئٹہ آئے تھے۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق پہلے کی نسبت صوبے میں ڈینگی کے کیسز کی صورت حال میں کمی آئی ہے۔