25 نومبر ، 2019
نوجوان آل راؤنڈر حسان خان کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ اہم ہے، اسے بھی وہی اہمیت ملنی چاہیے جو پاکستان سپر لیگ یا دیگر لیگز کو دی جاتی ہے تاکہ نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی پر حوصلہ افزائی ہوسکے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں حسان خان نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ نوجوان کرکٹرز آج کل صرف پی ایس ایل یا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر توجہ دے رہے اور فرسٹ کلاس کرکٹ کو اہمیت نہیں دی جاتی۔
اکیس سالہ کرکٹر نے کہا کہ پی ایس ایل میں دنیا بھر کے پلیئرز ہوتے ہیں اور ہر کسی کی نظریں ہوتی ہیں اس لیے وہاں سب نظر میں آجاتے ہیں لیکن فرسٹ کلاس کی کارکردگی نظر میں نہیں آتی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے نوجوان اسپنر کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں کارکردگی کو بھی ایسی ہی اہمیت دی جائے جیسی اہمیت پاکستان سپر لیگ کے میچز میں دی جانے والی پرفارمنس کو دی جاتی ہے تاکہ نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔
نوجوان کرکٹر نے کہا کہ ان کی خواہش پاکستان کیلئے ٹیسٹ کھیلنا ہے اور اس کے لیے وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی بھرپور محنت کررہے ہیں۔
انہوں نے اب تک سات فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے سولہ وکٹیں حاصل کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ہی کسی پلیئر کو جج کیا جاسکتا ہے اس لیے اس فارمیٹ میں کوئی غیر سنجیدہ نہیں ہوسکتا، یہاں کی کارکردگی اہم ہے کیوں کہ ریڈ بال کرکٹ سے ہی پلیئر ابھر کر سامنے آتا ہے۔