27 نومبر ، 2019
لاہور کے علاقے کاہنہ میں بصارت سے محروم گداگر کو پیٹ میں ہوا بھر کر ہلاک کر دیا گیا۔
گداگر بھیک مانگنے کے لیے پنکچر لگانے والی دکان پر آیا تھا۔ مقتول گداگر 10 دن اسپتال میں زندگی کی جنگ لڑتا رہا۔
40 سالہ نابینا گداگر اقبال کے پیٹ میں ہوا بھرنے کا واقعہ 18 نومبر کو اس وقت پیش آیا جب وہ پرانا کاہنہ میں پنکچروں کی دکان پر بھیک مانگنے آیا۔
دکاندار عمر اور اس کے دو ساتھیوں نے اقبال کو پکڑ کر پریشر پمپ سے اس کے پیٹ میں ہوا بھر دی۔
گداگر کے جسم سے خون نکلنے لگا، یہ دیکھ کرملزمان فرار ہوگئے جبکہ گدا گرکو جنرل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 27 نومبر کو دم توڑ گیا۔
پولیس نے مقتول کے والد نور محمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم عمر کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔