Time 29 نومبر ، 2019
کھیل

‏پاکستان ٹینس ٹیم ساؤتھ ایشین گیمز میں میڈلز کے لیے پر عزم

— ساوتھ ایشین گیمز یکم دسمبر سے نیپال میں شروع ہو رہے ہیں۔

‏ساؤتھ ایشین گیمز میں شرکت کے لیے پاکستان کی ٹینس ٹیم بھی نیپال روانہ ہو چکی ہے لیکن ‏ٹینس اسٹار اعصام الحق سنگلز میں حصہ نہیں لیں گے۔

ساوتھ ایشین گیمز یکم دسمبر سے نیپال میں شروع ہو رہے ہیں۔

گیمز میں پاکستان کے اعصام الحق اور عقیل خان ڈبلز میں ایکشن میں ہوں گے۔دونوں کی جوڑی بڑی تجربہ کار ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ یہ جوڑی پاکستان کے لیے میڈل ضرور حاصل کرے گی۔

دونوں سینئرز کے ساتھ ساتھ مردوں کی ٹیم میں مزمل مرتضیٰ اور ایم عابد شامل ہیں جب کہ ویمنز ٹیم میں اشنا سہیل، سارا منصور، سارا محبوب اور ماہین آفتاب شامل ہیں۔

‏ اعصام الحق اور عقیل خان نے بھارت کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کا بائیکاٹ کیا تھا جو ان دنوں نورسلطان قازقستان میں جاری ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے بھارت کا پاکستان آکر نہ کھیلنے اور نیوٹرل وینیو پر ڈیوس کپ ٹائی ہونے کی وجہ سے بائیکاٹ کیا جس کے بعد ڈیوس کپ ٹائی میں نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

سنگلز نہیں کھیلوں گا، اعصام الحق

‏ ٹینس اسٹار اعصام الحق کا کہنا ہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں صرف بھارت ہی حریف نہیں ہو گا، دیگر 6 ممالک بھی حصہ لے رہے ہیں اس لیے ٹارگٹ یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ میڈلز جیتیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹینس میں 4 ایونٹس ہیں اور ایک کھلاڑی 3 ایونٹس میں حصہ لے سکتا ہے۔

اعصام الحق نے کہا کہ وہ سنگلز نہیں کھیل رہےمگر مکسڈ ڈبلز، ڈبلز اور ٹیم ایونٹ کھیلیں گے اور پوری جان ماریں گے کہ بھارت کے ساتھ دوسرے ممالک کو بھی ہرائیں او گولڈ میڈلز حاصل کریں۔

‏ عقیل خان کا کہنا ہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز سے قبل اعصام الحق اور میرا ایک ساتھ ڈبلز کھیلنے کا مقصد یہی تھا کہ کہ ہماری پارٹنر شپ بنے اور انڈر اسٹینڈنگ کے ساتھ کھیل سکیں کیونکہ عرصہ دراز سے ہم ایک ساتھ ڈبلز نہیں کھیل سکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ لوکل ٹورنامنٹ کھیلنے کا فائدہ ہوا اور امید ہے کہ ساوتھ ایشین گیمز میں اچھا پرفارم کریں گے۔

میڈلز جیتنے کے امکانات روشن ہیں: اشنا سہیل

ویمنز ٹیم کی رکن اشنا سہیل کا کہنا ہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں بھارت کے علاوہ سری لنکا کی ٹیم بھی سخت حریف رہی ہے، گزشتہ گیمز میں سری لنکا کے خلاف ہماری پرفارمنس اچھی رہی تھی، اب اگر بھارتی ٹیم بھی سامنے آئے گی تو اس کے خلاف بھی ضرور اچھی کارکردگی دکھائیں گی۔

اشنا سہیل نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں میڈلز جیتنے کے امکانات روشن ہیں، بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گی تاکہ پاکستان کے لیئے میڈلز جیت سکیں۔

مزید خبریں :