30 نومبر ، 2019
بھارت نے اگلے برس جنوری میں پاکستان میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کی تصدیق کر دی۔
کبڈی ورلڈ کپ 2020 لاہور میں 12 جنوری سے شروع ہو گا جو 18 جنوری تک جاری رہے گا۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا محمد سرور کے مطابق بھارت کا 18 رکنی دستہ ورلڈکپ میں شرکت کے لیے پاکستان آئے گا، بھارتی کبڈی حکام نے تصدیق کر دی ہے اور بھارتی دستے کے ویزوں کا عمل جلد شروع ہو گا۔
ان کا کہنا تھا امریکا کینیڈا سمیت دیگر ممالک کی جانب سے ایونٹ میں شرکت کی تصدیق پہلے ہی مل چکی ہے۔
رانا محمد سرور نے کہا کہ کبڈی ورلڈ کپ کے میچز فیصل آباد، کرتار پور اور ننکانہ صاحب میں بھی کرانے کا پلان ہے تاہم ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب اور فائنل لاہور میں ہی ہو گا۔
سرکل اسٹائل میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی اور فاتح ٹیم کو ایک کروڑ انعام دیا جائے گا۔