07 دسمبر ، 2019
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو مائنس کرتے کرتے نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز خود مائنس ہوگئے، اس دفعہ شہباز شریف گئے ہیں تو کوئی 15 سے 20 سال بعد ہی وآپس آئیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف نظام بدلنے کی جدوجہد میں لگی ہے جب کہ اپوزیشن کو اپنے لیڈر کی تلاش ہے ،ان کی سیاست پاکستان میں اور اجلاس لندن میں ہوتے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی ایکسٹیشن پر تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے، پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے ماتحت نہیں جسے کہا جائے کہ وہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کا تعین کرے۔
نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے بارے میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر فریقین میں بہت حد تک اتفاق ہو چکا ہے، معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دفعہ شہباز شریف گئے ہیں تو کوئی 15 سے 20 سال بعد ہی وآپس آئیں گے ۔ پنجاب کے شہباز شریف باہر چلے گئے ہیں تو سندھ کے آصف زرداری کو بھی چلے جانا چاہیے۔