07 فروری ، 2012
لاہور…آف اسپنرسعیداجمل کے بیان نے نیا تنازعہ پیدا کردیا ہے،انگلینڈ کیخلاف سیریز میں فتح کے ہیرو کاکہنا ہے کہ آئی سی سی نے انہیں بازو کو 23.5ڈگری تک موڑنے کی اجازت دی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے سعیداجمل نے کہاکہ ان کے ایکشن میں کوئی خرابی نہیں ، ہاتھ میں نقص کی وجہ سے آئی سی سی نے 23.5ڈگری تک بازو موڑنے کی اجازت دی ہے اورانٹرنیشنل کرکٹ کونسل ایکشن کو کلیئرکرچکی ہے۔سعیداجمل کے اس بیان نے نیا تنازعہ کھڑا کردیا،کیونکہ کرکٹ گورننگ باڈی کے مطابق سعیداجمل کاکوئی معاملہ آئی سی سی کے پاس نہیں آیا نہ انہیں اجازت دی گئی ہے۔دریں اثنائ منیجرپاکستان کرکٹ ٹیم نوید اکرم کا کہنا ہے کہ سعیداجمل کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کرینگے،جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پریس ریلیز جاری کریگا،جبکہ سعیداجمل بھی کوئی بیان نہیں دینگے۔