15 دسمبر ، 2019
لاہور میں موٹر سائیکل سوار شہری پر اسلحہ تان کر تشدد کا نشانہ بنانے والے بااثرشخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
لاہورکےعلاقےکیولری گراؤنڈ میں ایک بااثرشخص کی جانب سے عام شہری پر تشدد اور پستول دکھا کر دھمکیاں دینےکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بااثر شخص نوجوان کوپہلے سڑک کے درمیان گرین بیلٹ پر گراتا اور پھر گاڑی سے پستول نکال کر اس پر تان لیتا ہے، اس دوران ملزم مصروف روڈ پر شہری کے چہرے پر بے دریغ لاتیں بھی ماررہا ہے۔
لاہور پولیس حکام کے نوٹس لینے پر پولیس نے چند ہی گھنٹوں میں ملزم کو ڈھونڈ نکالا اور گرفتار کرلیا، ملزم کا نام عقیل مرزا ہے جو بینک ملازم ہے۔
ملزم عقیل مرزا نے پولیس کو بتایاکہ گلشان کی موٹرسائیکل اس کی قیمتی گاڑی سے ٹچ ہو گئی تھی، اس لیے اسے غصہ آ گیا تھا۔
تشدد کا شکار شہری کا نام گلشان شہزاد ہے اور وہ باغبان پورہ کا رہائشی ہے جبکہ پولیس نے ملزم کے خلاف متاثرہ شہری کی مدعیت میں تھانا جنوبی چھاؤنی میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔