لاہور میں چمڑے کے گودام میں آتشزدگی، 4 افراد جاں بحق

لاہور کے علاقے موچی گیٹ میں چمڑے کے گودام میں آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اندرون موچی گیٹ کے علاقے میں چمڑے کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ایس پی سٹی صفدر رضا کاظمی کے مطابق گودام میں آگ لگنے سے ایک شخص موقع پر جھلس کر جاں بحق جب کہ تین افراد میو اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں عبدالمالک، عبدالودود، داد خدا اور فیروز خان شامل ہیں۔

فوٹو: ٹوئٹر

ایس پی سٹی کے مطابق گودام کی بالائی منزلوں پر کمروں میں مقیم 22 افراد زخمی ہوئے جن میں سے زیادہ تر افراد آگ لگنے کے بعد عمارت میں دھواں بھر جانے سے متاثر ہوئے۔

متاثرہ افراد کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے بعد پوری عمارت میں دھواں بھر گیا تھا جس سے دم گھٹ رہا تھا۔

ریسکیو اہلکار اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں مگر ریسکیو ورکرز کو تنگ گلیوں کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ریسکیو حکام اور ایس پی سٹی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

فوٹو: اسکرین گریب

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور موچی گیٹ میں آتشزدگی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے اور زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :