02 جنوری ، 2020
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین میں ترمیم کے بعد چیئرمین نیب تگڑے نہیں رہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) اگر چیئرمین نیب کو بلائے گی تو چیئرمین نیب پی اے سی میں پیش ہو جائیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ 58 ٹو بی میں ٹرائیکا ہوتا تھا، بعد میں یہ ختم ہوگیا، پارلیمنٹ سے باہر دو اداروں میں اب وہ معاملہ نہیں رہا، لگتا ہے ہم دھینگا مشتی میں لگ گئے ہیں، یہ نہ ہو کہ ہماری اتھارٹی ریت کی طرح ہاتھ سے نکل جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ رفتار مدھم کرنے کی ضرورت ہے، میں نے اپنی رفتار کم کی ہے، عدلیہ کہتی ہے ان کے اپنے لوگ ان کااحتساب کریں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ’میڈیا، فوج، عدلیہ کہتے ہیں اپنا احتساب خود کریں گے، ہمارا احتساب آپ لوگ کرتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ نیب کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں بات ہوسکتی ہے، ن لیگ نجکاری کے حق میں ہے ہم درمیانہ رویہ رکھتے ہیں، معیشت پر میثاق نہیں ہونا، میثاق سب سے پہلے الیکشن کمیشن پر ہونا چاہیے۔