پاکستان
Time 02 جنوری ، 2020

ولی عہد ابوظبی کا پاکستان میں اسمال انڈسٹریز کے فروغ کیلئے 20 کروڑ ڈالر فنڈز کا اعلان

 ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النیہان آج جمعرات کو ایک روزہ دورہ پر پاکستان آئے تھے،فوٹو:ٹوئٹر

متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النیہان نے پاکستان میں چھوٹے کاروبار کے فروغ کے لیے 20 کروڑ ڈالر کے فنڈز کا اعلان ہے۔

شیخ محمد بن زاید النہیان نے اسمال انڈسٹریز کی ترقی کے لیے قائم کیے گئےابوظبی کے ریاستی ادارے خلیفہ فنڈ برائے انٹرپرائز ڈویلپمنٹ کو پاکستان کو فنڈز کی فراہمی کی ہدایت کردی ہے۔

یہ رقم پاکستان میں اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز (چھوٹے پیمانے پر کاروبار) کی مدد کےلیے خرچ ہو گی۔  

'مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا اظہار تشکر'

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی جانب سے پاکستان کےلیے 20 کروڑ ڈالر امداد کے اعلان پر ولی عہد  ابوظبی سے اظہار تشکرکیا گیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں حفیظ شیخ نے تصدیق کی کہ یہ رقم ملک میں چھوٹے کاروبار کے فروغ پر خرچ ہو گی۔

مشیر خزانہ کا کہنا ہے کہ امداد کا اعلان دونوں ملکوں کے دمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کا اظہار ہے۔

ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کی پاکستان آمد

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النیہان جمعرات کو ایک روزہ دورہ پر پاکستان آئے تھے۔

ابو ظبی کے ولی عہد اپنے وفد کے ہمراہ نور خان ائیربیس پہنچے جہاں ان کا استقبال وزیر اعظم عمران خان نے کیا۔ 

وزیراعظم کے ہمراہ ولی عہد شیخ محمد بن زاید وزیراعظم ہاؤس روانہ ہوگئے، اس دوران عمران خان نے خود گاڑی چلائی۔ وزیر اعظم ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے ابوظبی کے ولی عہد اور یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور یو اے ای کے وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔

ظہرانے کے بعد یو اے ای کے ولی عہد نورخان ایئربیس سے ہی واپس وطن روانہ ہوگئے۔

مزید خبریں :