Time 03 جنوری ، 2020
پاکستان

سندھ ہائیکورٹ نے صو بے میں گیس کے ذخائر کی تفصیلات طلب کرلیں

بتایا جائےکہ سندھ کے کون سے علاقوں سے گیس نکل رہی ہے، سندھ ہائی کورٹ،فوٹو:فائل

سندھ میں گیس کے بحران سے متعلق دائر درخواست کی سماعت پر سندھ ہائی کورٹ نے درخواست گزار سے صو بے میں گیس کے ذخائر کی تفصیلات طلب کرلیں۔

سندھ ہائی کورٹ میں شہری محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر آئینی درخواست  میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سندھ میں قدرتی گیس کے ذخائر کے باوجود صوبہ گیس سے محروم ہے۔

 درخواست میں سیکرٹری پیٹرولیم و قدرتی وسائل، چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)، اور سیکرٹری وزارت داخلہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار  کا کہنا ہے کہ عوام گیس کے بحران اور گیس کے  کم پریشر سے پریشان ہیں جب کے وفاق  سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کررہا ہے،عوامی مفاد کا معاملہ ہے ا س لیے عدالت متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرے۔

عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ  بتایا جائےکہ سندھ کے کون سے علاقوں سے گیس نکل رہی ہے ہمیں ان علاقوں کے نام اور گیس نکلنے کی تفصیلات فراہم کریں گے تو کارروائی مزید ہوگی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ لاہور اور راولپنڈی میں بھی گیس نہیں آرہی،کہاں سے گیس نکل رہی ہے ہمیں پہلے بتایا جائے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر میں پڑھ کرآؤں گا کہ سندھ میں گیس کے ذخائر کہاں کہاں ہیں۔

 عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ آپ نے وفاق اور صوبے کو فریق بنایا ہے اس لیے ضروری معلومات دینا ہوں گی، عدالت نے تفصیلات طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت 14 جنوری تک ملتوی کردی۔

  سندھ سمیت پورے ملک میں گیس کابحران 

خیال رہے کہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی  سندھ سمیت پورے ملک میں گیس بحران پیدا ہوگیا ہےا ور سخت سردی میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

سندھ میں گیس بحران کے حوالے سے گذشتہ ہفتے وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ سندھ میں گیس بحران سندھ حکومت کی وجہ سے ہے کیوں کہ 2گیس لائنیں بچھانے کے لیے سندھ حکومت راستہ نہیں دے رہی۔

جب کہ عمر ایوب کے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے صوبے میں گیس بحران کا سبب وفاق کو ہی ٹھہرایا ہے۔

دوسری جانب وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے اور آرٹیکل 158 کے تحت جس صوبے سے گیس نکلتی ہے پہلا حق اسی کا ہے۔

امتیاز شیخ  کا کہنا ہے کہ ایل این جی ان صوبوں کو دی جائے جہاں گیس نہیں نکلتی مگر سندھ کے عوام کو ایل این جی خرید کر مذید مہنگی گیس کیوں دیں۔

مزید خبریں :