مہوش حیات کو آسکر کی نامزدگیوں پر تحفظات ظاہر کرنے پر کھری کھری سننا پڑ گئیں

فوٹو: فائل

تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات نے ہالی وڈ کے معتبر ترین آسکر ایوارڈز 2020 کی نامزدگیوں پر تحفظات کا اظہار کیا جس کے بعد اداکارہ کے تمغہ امتیاز حاصل کرنے پر ایک مرتبہ پھر سوال اٹھنے لگے۔

یاد رہے کہ ہالی وڈ کی رنگا رنگ 92 ویں اکیڈمی آسکر ایوارڈزکی تقریب 9 فروری کو امریکی ریاست لاس اینجلس کے ڈوبلی تھیٹر میں منعقد ہوگی۔

 فلمی دنیا کے سب سے بڑے اور معتبر ترین ایوارڈز آسکر 2020 کی گزشتہ روز  نامزدگیوں کا اعلان  کیا گیا تھا۔

آسکر 2020 کی نامزدگیوں کے ساتھ ہی تنقید کا طوفان بھی کھڑا ہوگیا تھا، فلمی پنڈتوں نے فلم ہسٹلر میں نامور اداکارہ جینفرلوپیزکو اور ایڈم سینڈلر کو فلم ان کٹ جیمز میں جب کہ ایڈی مرفی اوررابرٹ ڈی نیروجیسے بڑے اداکاروں کو نامزد نہ کرنے پر حیرت کا اظہارکیا تھا۔

اسی ضمن میں اداکارہ مہوش حیات نے بھی آسکر ایوارڈز 2020 کی نامزدگیوں کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کی۔

ٹوئٹ میں مہوش حیات نے لکھا کہ ’گزشتہ روز آسکر کی نامزدگیوں سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ فرق اب بھی ایک بڑا مسئلہ ہے اور مغربی فلم انڈسٹری کو مکمل طور پر شامل ہونے کے لئے بہت طویل سفر طے کرنا ہے‘۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’اگر اسے کوئی بھی نہیں کرے گا تو شاید اب وقت آگیا ہے کہ ہم قدم اٹھائیں اور اپنی کہانیاں دنیا کو سنائیں‘۔

اداکارہ کے اس ٹوئٹ پر صارفین کی جانب سے انہیں دیے جانے والے تمغہ امتیاز  پر ایک مرتبہ پھر سوال اٹھنا شروع ہوگئے۔

۔۔۔۔۔اسکرین گریب

شاف احمد نامی صارف نے مہوش حیات کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’اب آپ یہ بتائیں گی کہ ہالی وڈ کو کس کو نامزد کرنا چاہیے اور کس کو نہیں؟ آپ کو تمغہ امتیاز دیا گیا، یہاں پر   آپ سے بھی اچھے لوگ تھے جو  اس کے مستحق تھے، کیا اس پر عوام کے ساتھ انصاف کیا گیا؟‘۔

۔۔۔۔۔اسکرین گریب

محمد بلال راجہ نے لکھا کہ ’سب سے پہلے اداکاری سیکھیں، دوسری چیز  یہ کہ آسکرز  کے ساتھ پاکستانیوں کا کیا لینا دینا ہے؟ ‘ اور ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری پر بھی کڑی تنقید کر ڈالی۔

۔۔۔۔۔اسکرین گریب

فہیم صدیقی نامی صارف نے لکھا کہ ’آسکر ایوارڈ تمغہ امتیاز کی طر ح نہیں ہیں جو آپ کو دوستیوں کی وجہ سے ملا ہے، آپ میرٹ کی بنیاد پر تمغہ امتیاز کی مستحق نہیں تھیں، آپ اوسط اداکاری کی بنیاد پر آسکر حاصل نہیں کر سکتیں، کوئی بھی ایوارڈ حاصل کرنے کے لیے صرف اپنی اداکاری پر ہی اپنی توجہ مرکوز کریں جس کی آپ میں کمی ہے‘۔

۔۔۔۔۔اسکرین گریب

ایک اور صارف نے مہوش حیات پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’بالکل فرق ایک بہت بڑا مسئلہ ہے کیونکہ آپ کو بھی میرٹ کی بنیاد پر نامزد نہیں کیا گیا تھا‘۔

خیال رہے کہ اداکارہ مہوش حیات سیاسی اور سماجی مسائل پر اکثر اپنے خیالات کا اظہار سوشل میڈیا کے ذریعے کرتی ہیں اور اس سلسلے میں انہیں بے حد تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ 

اس سے قبل بھی جب اداکارہ کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا تو لوگوں کی جانب سے ان پر خوب تنقید کی  گئی تھی۔

مزید خبریں :