پاکستان
Time 19 جنوری ، 2020

آٹے کا بحران کیوں ہوا، چیئرمین پیپلز پارٹی نے وجہ بتا دی

پیپلز  پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری نے ملک بھر میں آٹے کے بحران کی وجہ وزیراعظم عمران خان کو  قرار دیدیا۔

ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور کراچی، حیدرآباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں فی کلو آٹے کی قیمت 70 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 40 ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان بھیج کر بحران جان بوجھ کر آٹے کا بحران پیدا کیا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے نوٹس لینے سے کام نہیں چلے گا کیونکہ  عمران خان نے اپنے مخصوص دوستوں کو نواز نے کے لیے آٹے کا بحران پیدا کیا ہے۔

گزشتہ روز  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم  آٹے کی قیمت میں اضافے سے متعلق حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں اور بتایا جائے کہ گندم اور آٹے کے بحران سے کون فائدہ اُٹھا رہا ہے؟ گندم کا اسٹاک کہاں گیا؟ اسمگل ہو گیا؟ ذمے دار کون ہے؟

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لے لیا ہے اور آٹے کے بحران سے نمٹنے کیلئے گرینڈ آپریشن کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :