کراچی کی کچی آبادی میں آتشزدگی سے 100 سے زائد جھونپڑیاں جل گئیں

پولیس کے مطابق آتشزدگی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، فوٹو، جیو نیوز

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے باگڑی قبیلے کی کچی آبادی میں آگ لگنے سے 100 سے زائد جھونپڑیاں جل گئیں، پولیس کے مطابق آبادی کے 250 سے زائد مکین محفوظ رہے۔

 فائر بریگیڈ حکام کے مطابق لیاقت آباد میں تین ہٹی کے قریب لیاری ایکسپریس وے کے فلائی اوور کے نیچے ندی کنارے ہندو باگڑیوں کی کچی آبادی میں رات ساڑھے 10 بجے آگ لگ گئی۔ 

پولیس کے مطابق آبادی کے ساتھ ہی مرکزی شاہراہ پر پولیس چیکنگ میں مصروف تھی کہ آگ کے شعلے دیکھ کر پولیس اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور اس دوران فائر بریگیڈ کو بھی آگ بجھانے کے لیے طلب کرلیا۔

 فائر بریگیڈ کے عملے کے پہنچنے اور رات سوا 11 بجے تک آگ بجھانے کی کوششوں تک کچی آبادی کی لگ بھگ 100 جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں جب کہ فائر فائٹرز نے 4 سے زائد گاڑیوں کی مدد سے آگ  مکمل طور پر بجھادی۔

 فائر بریگیڈ کے مطابق آگ بجھانے کے لیے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی جس پر واٹر بورڈ حکام سے رابطہ کیا گیا جس پر واٹر بورڈ کے ٹینکرز کے ذریعے پانی کی کمی پوری کی گئی۔

 آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کر رہی ہے،فوٹو:جیو نیوز

 لیاقت آباد تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر لیاقت حیات خان کے مطابق آتشزدگی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

 انہوں نے بتایا کہ پولیس نے بروقت پہنچ کر پوری آبادی کو خالی کرا لیا تھا اور علاقہ مکینوں کی مدد سے آبادی کے بیشتر مکینوں کا سامان بھی بچا لیا تاہم بیشتر جھونپڑوں کا سامان بھی مکمل طور پر جل گیا۔

 فائر بریگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کر رہی ہے۔

مزید خبریں :