پاکستان
Time 22 جنوری ، 2020

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق

لانڈھی میں یونس چورنگی کے قریب رکشہ میں سوار افراد پر فائرنگ سے خاتون سمیت2 افراد جاں بحق ہوئے،فوٹو:فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

 شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے 3 واقعات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے ،یہ واقعات عائشہ منزل، لانڈھی اور نیوکراچی میں پیش آئے۔

لانڈھی میں یونس چورنگی کے قریب رکشہ میں سوار افراد  پر فائرنگ سے خاتون سمیت2 افراد جاں بحق ہوئے، مرنے والوں میں 25 سالہ عبید الرحمان،22 سالہ زاہدہ عمرشامل ہیں۔

 پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا لگتا ہے، مقتولہ زاہدہ ٹھٹھہ سے دو روز قبل اپنی خالہ کے گھر گھومنے آئی تھی جب کہ فائرنگ سے جاں بحق شخص کے بارے میں تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔

دوسری جانب عائشہ منزل پر بھی دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا جو اسپتال میں دوران علاج چل بسا۔

پولیس کے مطابق  ملزمان گھبراہٹ میں اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر پیدل فرار ہوگئے ،موٹر سائیکل نمبر کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

 ادھر نیوکراچی لاسی گوٹھ میں بھی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا،پولیس کے مطابق مقتول غلام حیدر کو 3نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا، واقعے کی جگہ سے گولیوں کے 15خول ملے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ رشتے کے تنازع پر پیش آیا ہے۔

مزید خبریں :