پاکستان
Time 23 جنوری ، 2020

اسکول میں پیٹ کے کیڑے مارنے کی دوا پینے سے 25 بچے بے ہوش

اسلام آباد کے ایک اسکول میں پیٹ کے کیڑے ختم کرنے کی دوائی پینے سے 25 بچوں کی حالت بگڑ گئی جنہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اسلام آباد کے 423 سرکاری اسکولوں میں پیٹ کے کیڑے ختم کرنے کے لیے دوا پلائی  گئی۔

 ملوٹ کے علاقے میں واقع فیڈرل گورنمنٹ اسکول میں  دوائی کے استعمال سے 25 بچوں کی حالت خراب ہو گئی اور وہ بے ہوش ہوگئے۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق 15 بچوں کو قریبی بنیادی مرکز صحت لے جایا گیا جہاں سے 2 بچوں کو حالت مزید خراب ہونے پر  نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) لے جایا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں بچوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ 

اس معاملے پر اسکول پرنسپل کا کہنا ہے کہ  70 بچوں کو آج پیٹ کے کیڑے مارنے کی دوائی دی گئی تھی جب کہ  دواکی میعاد 2023 تک تھی۔

دوسری جانب بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ  گزشتہ کئی سال سے بچے اسکول میں زیر تعلیم ہیں تاہم اس سال بنا کسی نوٹس یا حفاظتی تدبیر کے بچوں کو دوائی دی گئی جو کہ شدید تکلیف کا سبب بنی۔

والدین کا کہنا ہے کہ صبح ساڑھے 9 سے 1 بجے تک بچوں کو اسکول میں رکھا گیا اور اس دوران گارڈ نے مرکزی دروازے پر  تالے لگا رکھے تھے اور بچے تکلیف سے تڑپتے رہے، بعد ازاں بچوں کو اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال پہنچایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  پیٹ کے کیڑے مارنے کی دوا زائد المعیاد تھی یا یہ کوئی اور معاملہ ہے، اس حوالے  سے حکام کی جانب سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔