30 جنوری ، 2020
عارف والا میں ہیروبننے کا شوق مہنگا پڑگیا اور لپ سِنک ایپلیکیشن ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو بناتے ہوئے ایک نوجوان جھلس گیا۔
یہ واقعہ پاکپتن کی تحصیل عارف والا میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے تین روز قبل 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا کہ انہوں نے قرضے کی رقم مانگنے پر اسے جلادیا ہے۔
پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کی گئیں تو انکشاف ہوا کہ نوجوان کو کسی نے جلایا نہیں بلکہ وہ خود ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو بناتے ہوئے آگ سے متاثر ہوا ہے۔
سچ سامنے آنے پر پولیس نے لڑکے کو حراست میں لے لیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران سیالکوٹ کے علاقےکھروٹہ سیداں میں گولی لگنے سے فرسٹ ایئر کے طالب علم عمار جاں بحق ہوگیا تھا۔