24 اگست ، 2012
حیدر آباد (دکن) … بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے، میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر مہمان ٹیم نے 5 وکٹ پر 106 رنز بنالئے۔ حیدر آباد میں جاری میچ کے دوسرے دن بھارت نے پہلی اننگز 5 وکٹ پر 307 رنز سے شروع کی، جیتن پٹیل اور ٹرینٹ بولٹ کی نپی تلی بولنگ کی وجہ سے بھارتی ٹیم صرف 438 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی ،چتیشور پجارا 159 کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، مہندرا سنگھ دھونی اور ویرات کوہلی نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ جواب میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلے 4 کھلاڑی صرف 55 کے اسکور پر واپس پویلین لوٹ گئے، کین ولیم سن نے 32 اور جیمز فرینکلن نے ناقابل شکست 31 رنز بناکر اننگز کو سنبھالا۔ جب دوسرے دن کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے 5 وکٹ پر 106 رنز بنالئے تھے، بھارت کی جانب سے ایشون 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ کیوی ٹیم پر بھارت کو اب بھی 332 رنز کی برتری حاصل ہے۔