24 اگست ، 2012
لاہور … سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کردیا گیا، پی سی بی کے مطابق محمد اکرم کے ساتھ ایک سال کا کوچنگ معاہدہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوچ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انتخاب عالم نے لاہور میں میڈیا کو بتایا کہ محمد اکرم کو کوچ ہنٹ کمیٹی نے متفقہ طور پر بولنگ کوچ منتخب کیا ہے، بورڈ نے انہیں انگلینڈ کے آئین پونٹ پر ترجیح دیتے ہوئے بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔سابق فاسٹ بولر محمد اکرم نے پاکستان کی جانب سے 23 ون ڈے میں 19 اور 9 ٹیسٹ میں 17 وکٹ حاصل کی ہیں۔ انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ محمد اکرم نے انگلینڈ میں لیول تھری کوچنگ کورس کیا ہے اور امید ہے کہ وہ پاکستانی بولرز کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔