04 فروری ، 2020
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارت خانے کی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب منسوخ کروادی گئی۔
کابل کے مقامی ہوٹل میں 5 فروری کو پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے تقریب منعقد کرائی جارہی تھی جسے اب منسوخ کرادیا گیا ہے۔
ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تقریب سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر منسوخ کی گئی ہے، تاہم ذرائع کے مطابق تقریب افغان حکام کے دباؤ پر منسوخ کی گئی ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر تقریب کی منسوخی کا علم ہے اور یہ معاملہ افغان حکام کے ساتھ اٹھا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کابل میں گزشتہ سال بھی کشمیر بلیک ڈے کی تقریب میں خلل ڈالنے کی کوشش کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ملک بھر میں تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یکجہتی کشمیر کے حوالے سے وزارت خارجہ نے پاکستان کے تمام سفارتی مشنزکو ہدایات دی ہیں جس کے تحت ہر سفارتی مشن 5 فروری کو کشمیر کے حوالے سے تقریب منعقد کرائے گااور دنیا کو حقائق سے آگاہ کرے گا۔