25 اگست ، 2012
طرابلس… لیبیا کی وزارت داخلہ نے عید کے روز کار بم دھماکوں کے مرتکب افراد کے خلاف آپریشن کے دوران سابق صدر کرنل قذافی کی حامی ملیشیا سے 100 ٹینک اور26 میزائل لانچر قبضے میں لے لیے جبکہ اس دوران ایک شخص مارا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ کی ہائی سیکورٹی کمیٹی کے ترجمان عبدالمنعم الحر نے ذرائع ابلاغ کو بتایاکہ اتوار کو ہونے والے دو کار بم دھماکوں کے مرتکب افراد کی تلاش کے دوران سیکورٹی اداروں نے دارالحکومت طرابلس سے 60 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع شہر ترحونہ کے قریب بیرکس میں انقلابی کے نام سے قائم سابق صدر معمر قذافی کے حامی ملیشیا سے 100 ٹینکوں اور 26 میزائل لانچروں سمیت بھارتی مقدار میں اسلحہ قبضے میں لے لیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عیدالفطر کے روز ہونے والے کار بم دھماکوں جن کے دوران دو افرادجاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے تھے کے جواب میں آپریشن کے دوران انقلابیوں کے خلاف آپریشن کے دوران ان کے لیڈر خالد ابراہیم کربلا سمیت 14 افراد کو گرفتارکرلیاگیا جبکہ تین ملزمان فرارہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں تاہم اس کارروائی میں مخالفین کا ایک شخص قتل اور آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔