کاروبار
Time 11 فروری ، 2020

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کردیا

فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 99 پیسے اضافے کو مؤخر کرنے کا فیصلہ حالیہ مہنگائی کی وجہ سے کیا گیا: ذرائع— فوٹو:فائل 

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کردیا۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نومبرکی فیول پرائز ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 99  پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی تھی۔ 

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی سفارش پر نیپرا نے سماعت کرنا تھی جو مؤخر کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ کو مؤخر کرنے کا فیصلہ حالیہ مہنگائی کی وجہ سے کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے درخواست نیپرا کو بھجوائی ہے جس میں دسمبر کی فیول پرچیز ایڈجسٹمنٹ کےلیے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ 

ذرائع نے بتایا کہ دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 2 روپے مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے اور رواں سال کے پہلے مہینے میں مہنگائی کی شرح 14.6 فیصد رہی جو کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں سب سے زیادہ ہے۔

ادارہ شماریات پاکستان کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019 میں مہنگائی کی شرح 12.6 فیصد تھی جو جنوری 2020 میں بڑھ کر 14 اعشاریہ 6 فیصد ہو گئی جب کہ جنوری 2019 میں یہ شرح 5.6 فیصد تھی۔

مزید خبریں :