کھیل
Time 11 فروری ، 2020

ویمن ٹی ٹوئٹنی ورلڈکپ میں نو بال کا فیصلہ تھرڈ امپائر کرے گا

ویسٹ انڈیز اور انڈیا کے درمیان گذشتہ سال کے آخر میں ہونے والی سیریز کے دوران اس ٹیکنالوجی کا تجربہ کیا گیا،فوٹو:فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پہلی بار کسی عالمی مقابلے میں فرنٹ فٹ نو بال ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں فرنٹ فٹ نو بال ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔

اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے فلیڈ امپائر پر سے فرنٹ فٹ نو بال پر نظر رکھنے کا بوجھ کم ہوجائے گا۔

تھرڈ امپائر ہر بال پر نظر رکھے گا کہ آیا بولر نے کہیں کریز مطلوبہ حد سے آگے پار تو نہیں کی اور نوبال ہونے کی صورت میں وہ فیلڈ امپائر کو مطلع کرے گا۔

فی الحال  اگر امپائر سے نوبال کا فیصلہ کرنے میں غلطی ہوتی ہے تو وہ ٹی وی پر ری پلے دیکھ کر اپنا فیصلہ تبدیل کرلیتا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ویسٹ انڈیز اور انڈیا کے درمیان گذشتہ سال کے آخر میں ہونے والی سیریز کے دوران اس ٹیکنالوجی کا تجربہ کیا گیا اور اس دوران 4 ہزار 717 گیندوں کا فیصلہ 100 فیصد درست کیا گیا۔

اس سے قبل اس ٹیکنالوجی کا سب سے پہلا تجربہ 2016 میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی ایک روزہ سیریز کے دوران کیا گیا تھا جس کے بعد سے اس ٹیکنالوجی کو مزید ترقی دی گئی ہے۔

آئی سی سی کے جنرل منیجر جیف الارڈائس کا کہنا ہے کہ نو بال کا بالکل درست فیصلہ کرنا امپائر کے لیے مشکل ہوتا ہے ، امید ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے کرکٹ کو مزید فائدہ ہوگا۔

مزید خبریں :