25 اگست ، 2012
کراچی…گھارو، دھابیجی اور پیپری پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے ، دوسری جانب واٹر بورڈ کا کہناہے کہ بجلی کی فراہم بحالی ہونے کے بعد بھی شہر کو پانی کی سپلائی بحال ہونے میں دو سے تین گھنٹے لگیں گے۔چیف انجینئرواٹربورڈ افتخاراحمد نے جیونیوز کو بتایا کہ کراچی کو پانی فراہم کرنے والے تین اہم پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے باعث شہر کو صبح ساڑھے پانچ بجے سے پانی کی سپلائی بند تھی۔ تینوں پمپنگ اسٹیشنوں سے شہر کو 58 کروڑ گیلن پانی یومیہ فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گھارو سے تین کروڑ گیلن، دھابیجی سے 51 کروڑ گیلن اور پیپری سے 4کروڑ گیلن پانی شہر کوفراہم کیا جاتا ہے۔دوسری جانب ترجمان کے ای ایس سی امین الرحمان نے جیونیوز کو بتایا کہ واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی بند نہیں کی گئی تھی بلکہ 132 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرجانے کے باعث ان پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی معطل ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرپ کرجانے والی ٹرانسمیشن لائن کی مرمت کی جارہی ہے۔ ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق واٹربورڈ پر 17 ارب کے بقایا جات بھی ہیں۔