18 فروری ، 2020
ملک میں جاری مہنگائی کے طوفان کو روکنے کےلیے وفاقی حکومت نے نئی حکمت عملی ترتیب دینے کافیصلہ کرلیا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیراعظم نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا 6 ماہ سے نہ ہونے والا اجلاس اسی ہفتے بلانے کاحکم دیاہے، نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا آخری اجلاس ستمبر 2019 میں بلایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی وفاق کی سطح پر بنایا جانے والا فورم ہے جو ملک بھر میں بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں کو سرکاری نرخ نامے کےمطابق برقرار رکھنے کا ذمہ دار ہے۔
وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ اور متعلقہ وزراء و سیکرٹریز اس کمیٹی کا حصہ ہیں ۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاق اور صوبوں کی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیوں کے ذریعے مہنگائی پر قابو پانے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کھانے پینے کی اشیاء کی اسمگلنگ روکنے کے لیے کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے وزارت داخلہ ،صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے وفاقی و صوبائی اداروں اور فیڈر بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو مشترکہ لائحہ عمل بنا کر فوری ایکشن کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء کی اسمگلنگ سے قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور عام آدمی تکالیف کا شکار ہوتا ہے جو کسی صورت قبول نہیں جب کہ اس سے ملکی معیشت کو بھی اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔