پی ایس ایل: کوئٹہ نے زلمی کیخلاف میچ میں بال ٹیمپرنگ کا خدشہ ظاہر کردیا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف میچ میں بال ٹیمپرنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔

کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کے بعد پریس کانفرنس میں جب سرفراز احمد سے سوال کیا گیا کہ کیا گلیڈی ایٹرز نے زلمی کیخلاف ٹیمپرنگ کی شکایت کی؟ 

جس پر سرفراز نے کہا کہ پروٹوکول کے مطابق اس معاملے پر میچ رپورٹ میں اپنا مشاہدہ درج کردیا ہے تاہم انہوں نے اس معاملے میں مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی ٹورنامنٹ کے چوتھے میچ میں آمنے سامنے آئے تھے اور زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ہفتے کے میچ میں وہاب ریاض کے ساتھ ہونے والی نوک جھوک کو معمول کی بات قرار دیتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ایسا تو ہوتا رہتا ہے، یہ کھیل کا حصہ ہے، اس سے کھیل کا مزہ ہی بنتا ہے۔

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان نے نوجوان اعظم خان کی بھی تعریف کی اور کہا کہ جس طرح اعظم خان کھیل رہے ہیں، انہوں نے اپنا ٹیلنٹ اچھی طرح ثابت کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اعظم نے بتایا کہ اس میں ٹیلنٹ ہے لیکن اس کو انٹرنیشنل کھلانا جلدی ہوگا، اب سلیکٹرز اور کوچز کا کام ہے، اس کو اپنی زیر تربیت لیں اور مستقبل کیلئے تیار کریں، اعظم بہت پاوور فل شاٹس کھیلتا ہے، ایسے جاندار شاٹس اس وقت ڈومیسٹک میں کھیلنے والا کوئی نہیں۔

ایک سوال پر وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ انہوں نے اعظم خان کو یہ کہا تھا کہ کرکٹ صرف باؤنڈریز کا نہیں، سنگل ڈبل کا بھی کھیل ہے۔

فاسٹ بولر ٹیلنٹ کے حوالے سے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ اور محمد حسنین میں خالص فاسٹ بولرز والی صلاحیتیں موجود ہیں، یہ دونوں وسیم اکرم اور وقار یونس کی طرح پاکستان کی خدمت کرسکتے ہیں۔

گزشتہ برس ٹیم سے ڈراپ کئے جانے والے سرفراز احمد نے کہا کہ ان کا فوکس پی ایس ایل ہے، وہ کسی سے مقابلے میں نہیں، ان کی کوشش ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں بہتر سے بہتر پرفارم کریں کیوں کہ پی ایس ایل میں پرفارمنس ان کیلئے مستقبل کی راہیں ہموار کرسکتی ہیں۔

اپنی پی ایس ایل ٹیم کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے سرفراز کا کہنا تھا کہ جیت کر اعتماد بحال ہوا ہے، کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، رن آوٹ پر قابو پانا ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ ابتدائی 3 کھلاڑی آغاز اچھا کررہے ہیں لیکن لمبا نہیں کھیل پارہے مگر امید ہے کہ تینوں مستقبل میں ٹیم کی جیت میں واضح کردار ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دی ہے۔

مزید خبریں :