26 فروری ، 2020
لاہور میں سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز تتلہ اغواء کیس کے سلسلے میں سینیئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) مخفر عدیل کے گھر کھدائی کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز تتلہ 7 فروری سے لاپتہ ہیں جبکہ ان کے دوست ایس ایس پی مفخر عدیل کا بھی تاحال سراغ نہیں مل سکا ہے۔
پولیس نے اغواء کے شبے میں دونوں کے قریبی دوست اسد بھٹی کو حراست میں لیا ہے، انہوں نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ ایس ایس پی مفخر نے اپنے دوست شہباز کو قتل کرکے لاش تیزاب کے ڈرم میں پھینکی۔
لاہور میں شہباز تتلہ ایڈووکیٹ اور لاپتہ ایس ایس پی مفخرعدیل کیس میں کرائے کے مکان میں پولیس کی جانب سے کھدائی کی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے۔
فیصل ٹاؤن کے ایم بلاک میں ایس ایس پی مفخر عدیل اور شہباز تتلہ نے ایک مکان کرائے پر لے رکھا تھا، پولیس نے اس کے سیوریج پائپ بھی توڑ دیے لیکن سیوریج پائپوں سے ہڈیوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز تتلہ 7 فرروی سے اغوا ہیں ، انکے قتل کے شبے میں قریبی دوست اسد بھٹی زیر حراست ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب کانسٹیبلری کے کمانڈنٹ نے لاپتہ ایس ایس پی مفخر عدیل کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) بنانے کے لیے آئی جی پنجاب کو مراسلہ بھجوایا تھا۔
کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری نے اپنے مراسلے میں کہا تھاکہ ایس ایس پی مفخر عدیل کافی دنوں سے ڈیوٹی پر نہیں آئے، انہوں نے کال کی ہے اور نہ چھٹی کی درخواست بھیجی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ مفخر عدیل کی غیرحاضری کے باعث ان کی جگہ نیا افسر تعینات کیا جائے۔